کاروار 23/ جنوری (ایس او نیوز) منڈگوڈ کے لائیلا انگلش میڈیم اسکول میں طلبہ کی کووڈ جانچ کے دوران طبی عملہ کی غفلت سے اسکول میں غیر حاضر رہی ایک طالبہ کی رپورٹ پوزیٹیو آئی جس کی وجہ سے لڑکی کے والدین عجیب الجھن کا شکار ہوگئے ۔
بتایا جاتا ہے کہ چھٹویں جماعت میں زیر تعلیم ایک طالبہ 12 جنوری سے 19 جنوری کے دوران طبیعت خراب رہنے کی وجہ سے اسکول سے غیر حاضر تھی ۔ اسی دوران طبی عملہ نے اسکول میں طلبہ کی جانچ کے لئے نمونے حاصل کیے ۔ پھر جب ان کی رپورٹ آئی تو پوزیٹیو نکلنے والے طلبہ میں اس دن غیر حاضر رہنے والی لڑکی کا نام بھی شامل تھا ۔ اس پر دھیان دئے بغیر اسکول کے عملہ نے لڑکی کے والد کو فون کرکے بلایا اور بتایا کہ ان کی بیٹی کی رپورٹ کووڈ پوزیٹیو نکلی ہے اس لئے لڑکی کو فوراً تعلقہ سرکاری اسپتال میں لے جائیں ۔
گھر پر رہنے والی بچی کی جانچ کیے بغیر ہی اس کی رپورٹ پوزیٹیو کہے جانے پر لڑکی کے والد سخت پریشان ہوگئے اور انہیں سمجھ میں نہیں آیا کہ وہ کیا کریں ۔ پھر جب اس پر غور کیا گیا تو یہ بات سمجھ میں آئی کہ طبی عملہ کی غفلت کی وجہ سے کسی اور طالبہ کی پوزیٹیو رپورٹ پر غیر حاضر رہی لڑکی کا نام آ گیا ہوگا ۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ آخر وہ پوزیٹیو رپورٹ کس لڑکی کی ہے ۔ اگر اس بات کا پتہ نہیں چلتا اور پوزیٹیو رہنے کے باوجود وہ لڑکی نگیٹیو مان کر کلاس میں عام بچوں کے ساتھ رہتی ہے تو پھر یہ دوسرے طلبہ کے لئے بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ اب اس کا حل صرف یہ ہے کہ جتنے طلبہ کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے ان کی پھر سے جانچ کی جائے تاکہ ان میں سے پوزیٹیو طالب علم کو الگ کیا جا سکے ۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ اس معاملہ کی مناسب تحقیقات ہو اور اس طرح کی غفلت برتنے والے طبی عملہ کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے ۔